نبی ﷺ پوری کائنات کے لیے مشعل راہ اور باعث رحمت ہیں : سپیکر قومی اسمبلی
سپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ نبی ﷺ کا اسوہ حسنہ عدل وانصاف ،سچائی بقائے باہمی ،انسانیت سے ہمدردی ،صبر وبرداشت اور امن ومحبت کی بہتر ین مثال ہے۔آپ ﷺ کی سنت و تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا میں حقیقی امن قائم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار عید میلا دالنبی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو بدھ کے روز پورے عالم اسلام میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔عید میلادالنبی کے باسعادت موقع پر امت مسلمہ کو مبارک باد دیتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ نبی ﷺکی آمد ساری کائنات کے لیے باعث رحمت اور آپ ﷺ کی سیرت انسانیت کے لیے رشد وہدایت کا سر چشمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ کی سنت پر عمل کر کے ہم اپنی تما م مشکلات سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ نے اپنے او صاف کاملہ اور اعلیٰ کردار کے ذریعے لوگوں کے دلوں اور ذہنوں میں ایک انقلاب بر پا کر کے انسانیت کو جہالیت کی اتھاہ تاریکیوں اور شرک کے اندھیروں سے نکال کر انسانیت کے اعلی درجوں پر فائز کیا۔اسد قیصر نے کہا کہ نبی ﷺ کا امتی ہونا ہمارے لیے اللہ تعالی کا احسان عظیم ہے۔جس کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ کی حیات طیبہ مینار نور ہے اور زندگی کے ہر شعبے میں انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے اور قیامت تک آنے والے انسانوں کی رہنمائی کرتی رہے گی۔