سیاحت کے بارے میں قومی ٹاسک فورس کا اجلاس
وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں سیاحت کے بارے میں قومی ٹاسک فورس کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس میں وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں بہت مواقع موجود ہیں اور گزشتہ تین سال کے دوران ان میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے سیاحت کے شعبے کی ترقی کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سیاحت کے فروغ کےمنصوبوں میں ماحول اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سیاحت کے شعبے میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا فریم ورک تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ سیاحت کے شعبے میں عالمی معیار کے مطابق بہترین پالیسیاں مرتب کریں ۔وزیراعظم نے ٹاسک فورس کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے اس حوالے سے تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔