فواد چوہدری اپنے قد سے بڑھ کر باتیں نہ کریں۔ رہنما پیپلزپارٹی
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر صابر بلوچ نے فواد چوہدری کو تنبیہہ کی ہے کہ وہ اپنے قد سے بڑھ کر باتیں نہ کریں۔ وفاقی وزیر کو بلوچستان کو دی جانے والی رقم تو یاد ہے لیکن بلوچستان میں معصوم انسانوں کا بہنے والا خون اور مقتول یاد نہیں۔وزیراطلاعات کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹر صابر بلوچ نے کہا کہ فواد چوہدری اور پی ٹی آئی کے دیگر وزراء نے صدر آصف علی زرداری پر الزام تراشی کرنے کی عادت بنا لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کے عوام میں مقبول قیادت کے خلاف گھٹیا زبان استعمال کرنے سے قومی یکجہتی کمزور ہوتی ہے۔ سینیٹر صابر بلوچ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے آغاز حقوق بلوچستان کے ذریعے بلوچستان پر لگنے والے زخموں پر مرہم رکھا تھا۔ فواد چوہدری ان زخموں کو کریدنے کی کوشش نہ کریں اور یہ بتائیں کہ بلوچستان کو 15000 ارب روپے کس مد میں دئیے گئے تھے؟ سینیٹر صابر بلوچ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وزراء اپنے قد سے بڑھ کر بڑھکیں نہ ماریں کیونکہ نہ صرف وفاق بلکہ بلوچستان کے عوام کے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کرے گی اور بلوچستان کے عوام کی احساس محرومی ختم کرے گی۔