وزیر اعلیٰ پنجاب نے باب لاہور منصوبے کا افتتاح کر دیا
بزدار حکومت لاہور کو خوبصورت بنانے کے مشن پر گامزن ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر لاہور کے داخلی و خارجی راستے ٹھوکرنیاز بیگ پر خیر مقدمی آرائشی گیٹ کی تعمیر مکمل ہو چکی ہےجس کے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹھوکر نیاز بیگ پر بنائے گئے باب لاہور منصوبے کا افتتاح کر دیا،عثمان بزدار نے تختی کا نقاب کشائی کرکے باب لاہور منصوبے کا افتتاح کیا۔ لاہور کے داخلی و خارجی راستے ٹھوکرنیاز بیگ پر خیر مقدمی آرائشی گیٹ کے افتتاح کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید، اراکین پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا، نذیر چوہان، وائس چیئرمین ایل ڈی اے شیخ محمد عمران، ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ،ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کے ممبر انجینئر عامر ریاض قریشی، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل فارقلیط میر، قدیر باجوہ اور چیف انجینئر ایل ڈی اے عبد الرزاق چوہان نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس میں کہا گیا کہ لاہور، اسلام آباد موٹروے اور لاہور ملتان موٹروے کے ذریعے آنے والی ٹریفک اس گیٹ سے گزر کر لاہور میں داخل ہورہی ہے،تعمیراتی کام کے دوران ایک منٹ بھی ٹریفک نہیں روکی گئی جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ فلائی اوور کے نیچے سے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔