کروناویکسین کی ایڈوانس بکنگ، وزارت صحت نے 15 کروڑ ڈالر مانگ لیے
اسلام آباد: وزارت صحت نے کروناویکسین کی ایڈوانس بکنگ کے لیے 15کروڑ ڈالر مانگ لیے، متوقع ویکسین کی ایڈوانس بکنگ سےمتعلق سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کو ارسال کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے ای سی سی کو بھیجی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ ای سی سی متوقع کرونا ویکسین کی بکنگ کے لیے 15کروڑ ڈالر مختص کرے، ٹیکنیکل ایکسپرٹ کمیٹی نے کروناویکسین بکنگ کا تخمینہ15کروڑ ڈالر لگایا، عالمی سطح پر ویکسین کی تیاری فیز تھری میں داخل ہوچکی ہے۔ وزارت صحت کا اپنی سمری میں کہنا ہے کہ تمام ممالک کروناویکسین کی ایڈوانس بکنگ کررہے ہیں، ویکسین2021کی پہلی اور دوسری سہ ماہی میں دستیاب ہوگی، ویکسین کی خریداری پیپراقواعد کے تحت کی جائے گی۔