قطر پہ تنقید کرنیوالے یورپی ممالک کو 3 ہزار سال تک انسانوں سے معافی مانگنا ہوگی: فیفا سربراہ
دوحہ: فیفا کے سربراہ گیانی انفینٹینونے قطر پہ یورپی ممالک کی جانب سے کی جانے والی تنقید پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم یورپی لوگ گزشتہ تین ہزار سال سے انسانوں کے ساتھ جو سلوک کر رہے ہیں اس کے ازالے کے لیے ہمیں کم از کم تین ہزار سال تک ہی انسانوں سے معافی مانگنا ہو گی۔گیانی انفینٹینو نے اپنی پہلی باضابطہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یورپی ممالک کو اپنی لیکچر بازی بند کردینی چاہیے، اگر مزدوروں اور نوجوانوں کے حقوق کی انہیں اتنی ہی فکر ہے تو اپنے ہاں مواقع دیں، صرف زبانی کلامی ہمدردیاں نہ جتلائیں۔فیفا ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی تیار کردہ فٹبال کے ساتھ 45 منٹ تک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ وہ خود کو ایک عرب و قطری محسوس کر رہے ہیں، انہوں نے قطر کی جانب سے کیے جانے والے تمام تر انتظامات کا بھرپور طور پر دفاع کیا اور اطمینان کا اظہار بھی کیا۔واضح رہے کہ قطر کو اس وقت سے یورپی ممالک کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب سے اس نے فیفا ورلڈ کپ کرانے کا عندیہ دیا تھا لیکن گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مزدوروں کے حقوق اور ان کے معاوضوں کے حوالے سے جاری مہم میں مزید شدت آگئی ہے۔