صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے بنوں میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملک میں دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں خوارج دہشتگردوں کے حملے میں 12 جوانوں کی شہادت پر اِظہارِ افسوس کیا اور دفاعِ وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ پوری قوم مادرِ وطن کی سلامتی کیلئے جامِ شہادت نوش کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ آصف زرداری نے دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دہشتگردی کے واقعے میں شہید جوانوں کے لیے بلندیٔ درجات کی دعا کی ،انہوں نے شہداء کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی
وزیراعظم شہبازشریف کی مذمت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ضلع بنوں کے علاقے ملی خیل میں سکیورٹی فورسز اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے جوانوں کی شہادت پر رنج و الم کا اظہار کیا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے 6 خوارج کو جہنم واصل کیا اور اس عمل میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے فتنہ الخوارج کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔واضح رہے کہ بنوں میں سکیورٹی فورسز کی مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں مقابلے کے دوران 12 اہلکاروں نےجام شہادت نوش کیا ہے۔