وزیراعظم شہباز شریف سے سربراہ سینیٹ خارجہ امور کمیٹی سینیٹر عرفان صدیقی نے ملاقات کی۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا، عرفان صدیقی نے وزیر اعظم کو قائمہ کمیٹی امور خارجہ کے حوالے سے بھی بریف کیا۔ ملاقات کے دوران عرفان صدیقی نے معاشی اہداف کے حوالے سے شاندار کار کردگی پر وزیر اعظم کو مبارکباد بھی پیش کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹرز قابل تحسین کر دار ادا کر رہے ہیں، وفاق کی علامت ہونے کے حوالے سے ایوان بالا کو قومی یکجہتی اور صوبائی ہم آہنگی میں متحرک کردار ادا کرنا چاہیے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پارلیمانی گروپ کو اس مقصد کے لیے ایوان میں موجود تمام دوسری جماعتوں کے ساتھ مضبوط رابطے رکھنے چاہئیں، آج کے دور میں مضبوط خارجہ پالیسی کی اہمیت کئی گنا بڑھ چکی ہے۔ شہباز شریف نے توقع ظاہر کی کہ سینیٹر عرفان صدیقی کی سربراہی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ ایک تھنک ٹینک کا کردار ادا کرتے ہوئے حکومت کی رہنمائی کرے گی۔
شہباز شریف سے سینیٹر عرفان صدیقی کی ملاقات، کارکردگی پر بریفنگ
Nov 20, 2024 | 18:21