امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں وہ صدر وزیر اعظم،وزیر خارجہ اورآ رمی چیف سے ملاقاتیں کریں گی۔
امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن دو روزہ دورے پر چکلالہ ایئربیس پہنچیں تو حکومت کی طرف سے سینیٹر سیدہ صغریٰ امام اور وزارت خارجہ کے حکام نے امریکی وزیرخارجہ کا استقبال کیا۔ امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ دورے میں سی آئی اے کے سربراہ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس، امریکی جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل ڈمپسی اور پاکستان اورافغانستان کےلئےامریکی نمائندہ خصوصی مارک گراسمین بھی پاکستان پہنچے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ کی وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، صدر آصف علی زرداری، چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے ساتھ ملاقاتیں ہوں گی۔ پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں پاک امریکہ تعلقات، دہشت گردی کے خلاف جنگ، افغانستان میں امن و امان کی صورتحال، اور حقانی نیٹ ورک کے حوالے سے امریکی الزامات پر بات چیت ہو گی۔ امریکی وزیرخارجہ جمعہ کو وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گی۔