قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق ماضی کا داغ دھونے کیلئے پرعزم ہیں،، ان کا کہنا ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برے وقت سے نکلنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
مصباح الحق نےغیرملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے ہر بیٹسمین کو اپنے کریئر میں اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور برے وقت سے نکلنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ آپ مثبت سوچ اختیار کرتے ہوئے کوشش جاری رکھیں کیونکہ ایک ہی اننگز آپ کو پھر سے معمول پر لے آتی ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ وہ رنز نہ ہونے سے مایوس نہیں ہیں البتہ تھوڑی بہت پریشانی ضرور ہوتی ہے اور دباؤ بھی ہوتا ہے۔۔وہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مثبت سوچ کے ساتھ کھیلتے ہوئے اپنے اور اپنی ٹیم کے لیے بڑا سکور کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی ٹیم کا ٹیسٹ ریکارڈ اچھا ہے اور قومی ٹیسٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن بھی مستحکم ہے۔۔