پاکستان پریس کلب پیرس فرانس کی سولہویں سالگرہ اور حلف وفاداری کی تقریب بائیس اکتوبر پیرکو ہوگی. صدر میاں محمد امجد
پیرس (صاحبزادہ عتیق سے ) پاکستان پریس کلب پیرس فرانس کے صدر میاں محمد امجد اور جنرل سیکریٹری اشفاق چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پریس کلب پیرس فرانس (رجسٹرڈ) کی سولہویں سالگرہ اور حلف وفاداری کی تقریب مورخہ بائیس اکتوبر روز سوموار شام سات بجے ذائقہ ریسٹورنٹ ویلیئرز لابیل فرانس میں ہوگی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان معین الحق ہوں گے۔ جبکہ اس تقریب میں لندن سے معروف اور سینئر صحافیوں جن میں جیو ٹی وی، اے آر وائی ٹی وی، دنیا نیوز ، سماء ٹی وی کے ہیڈز بھی تشریف لائیں گے۔ اس سلسلے میں ذمہ داران نے کمیونٹی راہنماؤں کو پروگرام کی دعوت دینے کا کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔یاد رہے کہ دو ہزار دو میں فرانس کے پیلے پریس کلب کا قیام عمل میں لایا گیا۔ صاحبزادہ عتیق الرحمن پریس کلب کے بانی صدر تھے۔ پریس کلب کے پلیٹ فارم سے فرانس میں پاکستانی طلباء اور نوجوانوں کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈ دینے کا سلسلہ بھی پریس کلب نے شروع کیا۔ اس کے علاوہ جن فرانسیسی باشندوں نے ہاکستان کے بہترین امیج کے لئے خدمات انجام دیں ان کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ پاکستان پریس کلب پیرس فرانس کی مختلف تقریبات میں خصوصی طور پر شرکت کرنے والوں میں سفیر پاکستان موسی جاوید چوہان ، سفیر پاکستان انیس الدین احمد ، سفیر پاکستان غالب اقبال ، سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین ، سابق وزیر قانون ایس ایم ظفر اور کراچی میں فرانسیسی قونصل جنرل موسیو جاں پئیر سیاں بھی شامل ہیں۔ دو ہزار ایک میں پاکستانی کمیونٹی کے متفقہ پاکستان اتحاد اور دو ہزار چار میں بننے والی پاکستانی فیڈریشن میں پاکستان پریس کلب پیرس فرانس نے اہم کردار ادا کیا۔پاکستان میں زلزلہ زدگان ہوں یا سیلاب زدگان کی امداد کے لئے بھی پریس کلب کے ذمہ داران ہمیشہ کمیونٹی کے کندھے سے کندھا ملاکر کھڑے ہوئے ہیں ۔ دو ہزار سترہ اور اٹھارہ میں پاکستانی کمیونٹی کے سب سے بڑے میلے پاکستان فیسٹیول کی کامیابی کے لئے بھی پریس کلب کے ذمہ داران نے پاکستان فیسٹیول کمیٹی کے ساتھ عملی طور پر حصہ لیا۔ پاکستان پریس کلب پیرس فرانس فرانس کی پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد اور پاکستان کے مثبت امیج کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔