بھارتی فوج امن کا جھنڈا لہرا رہی جو اس کے قول و فعل کے برعکس ہے:ڈی جی آئی ایس پی آر
بھارت نے جنگ بندی کی بلا اشتعال خلاف ورزی کرتے ہوئے جورا، شاہ کوٹ اور نوسیری سیکٹرز میں جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنایا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج نےدشمن کی فائرنگ کا موثر جواب دیتے ہوئے نو بھارتی فوجیوں کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا، جوابی کارروائی میں دو بھارتی مورچے بھی تباہ کردیے گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پاکستانی فوجی اور تین شہری شہید جبکہ دو فوجی اور پانچ شہری زخمی ہوگئے۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے معصوم شہریوں کوہدف بنانا مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانے کے جھوٹے دعووں کا جواز پیش کرنے کی بھونڈی کوشش ہے۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نےکہا کہ زخمیوں کو ضلعی ہسپتالوں میں منتقل کردیاگیا ہے۔
میجر جنر ل آصف غفور نے کہا کہ اقوام متحدہ کے بھارت اور پاکستان کے لئے فوجی مبصر گروپ اورملکی اور غیرملکی میڈیا کو آزاد کشمیر میں مکمل رسائی حاصل ہے جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایساکچھ نہیں۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ہم جھوٹے بھارتی دعووں اورجعلی فلیگ آپریشن کے لئے اس کی تیاریوں کوبےنقاب کرنے اور سچ کوسامنے لانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارتی فوج لاشیں اٹھانے اور اپنے زخمی فوجیوں کو لےجانے کی کوششیں کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج امن کا جھنڈا لہر ا رہی ہے جو اس کے قول و فعل کے برعکس ہے اور اس نے جنگ بندی کی بلا اشتعال خلاف ورزیاں کرتے ہوئے کبھی امن کا نہیں سوچا اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بناکر عسکری اصولوں کی قطعاً پرواہ نہ کرنا اس نے اپنا وطیرہ بنارکھاہے۔