کورونا کیسزمیں اضافہ ، اسدعمر نے خبردار کردیا
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ اگر کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل نہ کیا گیا تو ہم زندگی اور ذریعہ معاش دونوں سے محروم ہو جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ گزشتہ ہفتے یومیہ کورونا سے اموات کی شرح 12 تھی اور یہ شرح چند ہفتوں پہلے کے مقابلے میں 140 فیصد اضافہ ہوا ہے، ہم اجتماعی طور پر تمام ایس اوپیز کو نظر انداز کر کے غلطی کے مرتکب ہو رہے ہیں، جس کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم موجودہ راستہ تبدیل نہیں کرتے تو ہم زندگی اورمعاش دونوں سے محروم ہوجائیں گے ۔ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی تھی کہ وہ وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ضروری موثر اقدامات کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوویڈ 19 کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے لوگوں کا تعاون بے حد ضروری ہے۔ یاد رہے کہ ملک بھر میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد سے اس مہلک وائرس پر قابو پالیا گیا تاہم لاک ڈاؤن کھلنے کے بعد شہریوں کی جانب سے کورونا ایس اوپیز کو مکمل نظر انداز کیا جارہا ہے جس سے اس وبا کے دوبارہ پھلینے کا خدشہ برقرار ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستا ن میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید 14 افراد انتقال کر گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 6ہزار 673 ہوگئی جبکہ ملک بھرمیں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 24 ہزار 084 تک پہنچ گئی ہے ۔