سعودی حکومت نے شہریوں کی بڑی مشکل آسان کردی
جدہ : سعودی حکومت نے عوام کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے متعدد منصوبوں کا آغاز کیا ہے جس سے پانی کی وافر مقدار میں فراہمی ممکن ہو سکے گی اور لاکھوں شہری مستفید ہوں گے۔ سعودی عرب میں نیشنل واٹر کمپنی نے جدہ میں دو ارب ریال سے زیادہ لاگت کے نکاسی آب کے 41 منصوبے نافذ کیے ہیں، نیشنل واٹر کمپنی نے کہا ہے کہ سیوریج کے 31 منصوبے مکمل ہوگئے جبکہ دس دیگر منصوبے زیر تکمیل ہیں ان پر مجموعی لاگت 2 ارب ریال سے زیادہ کی آرہی ہے۔ سعودی ذرائع کے مطابق نیشنل واٹر کمپنی کے مغربی ریجن کے چیئرمین انجینیئر محمد الغامدی نے بتایا کہ کمپنی نے 130 کلو میٹر طویل نکاسی آب کا نیٹ ورک تیار کیا ہے جبکہ جنرل نیٹ ورک سے مکانات کو جوڑنے کے لیے تقریبا سولہ ہزار لائنیں الگ سے ڈالی گئی ہیں۔ ان پر 1.4 ارب ریال سے زیادہ کی لاگت آئی ہے۔ ان منصوبوں سے تین لاکھ سے زیادہ افراد کو فائدہ ہورہا ہے۔