یمن جنگ میں 10 ہزار بچے جاں بحق یا زخمی ہوئے: یونیسیف
اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے (یونیسیف) نے کہا ہے کہ یمن جنگ میں 10 ہزار بچے مارے گئے یا زخمی ہوئے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق یونیسیف کے ترجمان جیمز ایلڈر نے جنیوا میں بریفنگ کے دوران یمن جنگ ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 'یمن جنگ نے ایک اور شرم ناک سنگ میل عبور کرلیا ہے جہاں 10 ہزار بچے مارے جاچکے ہیں یا مارچ 2015 میں جنگ کے آغاز سے اب تک زخمی ہوگئے ہیں۔جیمز ایلڈر نے کہا کہ یہ تعداد وہ ہے جو اداروں کو معلوم ہے اور لاتعداد ایسے بچے بھی ہیں جن کا علم نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے مصدقہ اعداد وشمار جاری کیے گئے جو انہیں ملے ہیں جو یقیناً حقیقی سے کم تعداد ہے کیونکہ کئی بچوں کی اموات اور زخمی ہونے کا ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 'یونیسیف کو ہنگامی بنیاد پر 23 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی ضرورت ہے تاکہ 2022 کے وسط تک یمن میں زندگیاں بچانے کی کوششوں کو جاری رکھ پائے۔