سنکیانگ پروڈکشن اینڈ کنسٹرکشن کور کے پارٹی سیکریٹری کی وزیراعظم سے ملاقات

چین کے سنکیانگ ایغور خود مختار علاقے کے ڈپٹی پارٹی سیکرٹری اور سنکیانگ پروڈکشن اینڈ کنسٹرکشن کور (xpcc) کے سی پی سی کےسیکرٹری جناب لی یفئی نے آج اورومچی میں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کی۔ پاکستان کے لیے چینی عوام کے گرمجوشی کے جذبات کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اقتصادی ترقی کے لیے بھرپور حمایت پر سی پی سی کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ بیجنگ میں صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوۓ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے چینی قیادت کے مضبوط عزم کو سراہا۔ وزیراعظم نے سنکیانگ اور گلگت بلتستان کے درمیان ثقافتی اور تاریخی روابط کی اہمیت پر زور دیا اور سی پیک کے نقطہ آغاز کے طور پر سنکیانگ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سنکیانگ اور پاکستان کے پڑوسی علاقوں کے درمیان تجارت، روابط اور ثقافتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ پاکستان کے ساتھ xpcc کے مضبوط ادارہ جاتی روابط اور سنکیانگ کے امن اور ترقی میں اس کے کردار کا ذکرکرتے ہوئے وزیر اعظم نے xpcc کو پاکستان میں صنعتی ترقی، سیاحت، زراعت اور معدنیات اور کان کنی کے شعبوں میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ ڈپٹی پارٹی سیکرٹری لی یفی نے کہا کہ چین پاکستان کو ایک اہم اقتصادی شراکت دار سمجھتا ہے اور تجارتی اور روابط کو مزید گہرا کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنکیانگ کی خودمختار علاقائ حکومت خنجراب سوست بارڈر کراسنگ کے ذریعے تجارت، روابط اور عوام کے درمیان تعلقات کو آسان بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کی منتظر ہے۔