ملک بھرمیں نومحرم کے جلوس آج نکالے جارہے ہیں۔ علما و ذاکرین فلسفہ شہادت اور واقعات کربلا بیان کررہے ہیں
ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نو محرم الحرام کے جلوس آج نکالے جار ہے ہیں۔ امام بارگاہوں میں علما اور ذاکرین واقعات کربلا اور مصائب اہل بیت بیان کررہے ہیں۔ عزاداران حسین کی جانب سے شہدائے کربلا کی یاد میں سینہ کوبی اور زنجیرزنی کی جارہی ہے۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی، ملتان اور کوئٹہ سمیت تمام شہروں میں جلوس اپنے مقررہ راستوں پر گامزن ہیں۔ شہدائے کربلا کی پیاس کی یاد میں جگہ جگہ پانی اور مشروبات کی سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جلوسوں کی حفاظت کیلئے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے ہیں۔ کئی شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر پولیس کے ساتھ رینجرز تعینات ہے۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے فوج کو بھی سٹینڈبائی رکھا گیا ہے۔ جلوس کے راستوں پر ہر قسم کی ٹریفک بند ہے۔ جلوسوں کی حفاظت کےپیش نظر موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔