پیرس میں منعقد ہونے والی ٹیکس ورلڈ نمائش میں پاکستان کی 12 کمپنیاں کی اپنی اعلی مصنوعات کے ساتھ شرکت
پیرس میں منعقد ہونے والی ٹیکس ورلڈ نمائش میں پاکستان کی 12 کمپنیاں اپنی اعلی مصنوعات کے ساتھ شرکت کر رہی ہیں
پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) پیرس میں سال میں دو مرتبہ منعقد ہونے والی بین الاقوامی شہرت یافتہ کپڑے کی صنعت کی نمائش ”ٹیکس ورلڈ“ میں پاکستان کی کپڑے کی صنعت سے وابستہ 12کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ نمائش 17 تا 20 ستمبر 2018 تک جاری رہے گی۔
سفیر پاکستان جناب معین الحق نے اس نمائش میں پاکستانی کمپنیوں کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا دورہ کیا۔ انہوں نے محتلف کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اوراس نمائش میں شرکت کرنے اور کپڑے و چمڑے کی بنی ہوئی اعلی قسم کی مصنوعات کو اس نمائش میں بین الاقومی خریداروں کیلئے انتہائی خوبصورتی کے ساتھ پیش کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
سفیر پاکستان نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے سال 2016 سے اٹھائے گئے معاشی، سفارت کاری کے اقدامات کی بدولت پاکستان کی فرانس کو برآمدات میں حیرت انگیز اضافہ ہوا ہے۔ سال 2016 میں فرانس پاکستان کا باہمی تجارتی حجم 1.467 بلین ڈالر تھا جبکہ اس کی نسبت سال2017 میں یہ باہمی تجارتی حجم بڑھ کر1.58 بلین ڈالر ہو گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال 2018 کے پہلے مہینے کے اعدادوشمار کے مطابق یہ باہمی تجارتی حجم 8 فیصد تک بڑھنے کا امکان ہے جوکہ ایک خوش آئند بات ہے۔
پاکستان کی کپڑے کی صنعت کے نامور گروپوں اور برآمد کنندگان جن میں نشاط ملز، کوہ نور، سفائر، کمال لمیٹڈ، صدیق سنز اور ماسٹر ٹیکسٹائل نے اپنے سٹالز بین الاقومی معیار کے مطابق تیار کردہ مصنوعات کے ساتھ نہایت خوبصوتی سے سجائے ہوئے تھے جوکہ بین الاقوامی خریداروں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹیکس ورلڈ کی نمائش سال میں دو مرتبہ پیرس میں منعقد کی جاتی ہے جو کہ خاص طور پر کپڑے کی صنعت اور فیشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والوں کیلئے بڑی مفید ثابت ہوتی ہے۔ یہ نمائش بین الاقوامی سطح پر کپڑے تیار کرنے والی کمپنیوں کیلئے یورپین مارکیٹ تک رسائی حاصل کرنے کا قابل قدر، موثر اور جدید ذریعہ ثابت ہوتی ہے۔ پاکستانی ٹیکسٹائل کمپنیاں ہر سال اس نمائش میں ٹریڈ ڈویلمپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی معاونت سے حصہ لیتی ہیں۔