ہانگ کانگ کی پولیس طاقت کا غیرضروری استعمال کر رہی ہے، ایمنسٹی
انسانی حقوق پر نگاہ رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ ہانگ کانگ کی پولیس کی طرف سے جمہوریت نوازوں کے مظاہروں کے دوران طاقت کا غیرضروری استعمال جاری ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پولیس کے ان ہتھکنڈوں کو جارحانہ اور غیرقانونی بھی قرار دیا۔ انسانی حقوق کی اس تنظیم نے پولیس کی جانب سے طاقت کے بیجا استعمال کی تفصیلات اپنی ایک خصوصی رپورٹ میں بیان کیں۔ اس رپورٹ کو مرتب کرنے کے لیے متاثرہ مظاہرین کے خصوصی انٹرویو بھی کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق پولیس جمہوریت نواز مظاہرین کو اپنی مرضی و منشا کے تحت گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ دورانِ حراست ان پر ٹارچر کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔