اسلام آباد:عوامی مشکلات سے فائدہ اٹھانیوالے رعایت کے مستحق نہیں، آہنی ہاتھوں نمٹاجائیگا،فردوس عاشق

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں کیخلاف آرڈیننس عوام کو مہنگائی اورذخیرہ اندوزی سے بچانے کے وزیراعظم کے عزم کاواضح اظہارہے،عوام کی مشکلات سے فائدہ اٹھانیوالے کسی رورعایت کے مستحق نہیں،ایسے عناصرسے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائیگا۔ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق اعوان نے منگل کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوروناوبا سے متاثرہ افراد کیلئے ریلیف کی فراہمی ہماری اولین ترجیح اورذمہ داری ہے، عوام سے بھی اپیل ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور ذخیرہ اندوزی کی نشان دہی کریں اور ضبط شدہ سامان کا 10 فیصد بطور انعام پائیں۔"ذخیرہ اندوزوں کی تاک میں رہیں، انعام پائیں، اور غریبوں کی دعائیں لیں"ان کا کہنا تھا کہ آرڈیننس کے ذریعہ ذخیرہ اندوزی سے نفع کمانے والوں کوسزادی جائیگی۔ذخیرہ اندوزی پرتین سال قیداورضبط شدہ مال کی مالیت کا 50 فیصدجرمانہ اداکرناہوگا۔یہ اقدام کرونا سے پیدا ہونیوالی صورتحال کے پیش نظر عوام کی سہولیات کیلئے کیا گیا ہے۔اشیائے ضروریہ کی بلاتعطل فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔