پوری قوم کورونا وائرس وبا کے خلاف متحد ہے،صدر
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی قوم کورونا وائرس سے لڑنے اور نتیجے کے طور پر ایک عظیم قوم کی حیثیت سے ابھرنے کیلئے نظم وضبط کا مظاہرہ کرے گی اور سماجی فاصلے برقرار رکھے گی۔ منگل کے روز مظفرآباد کے ایک روزہ دورے کے دوران صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد میں اجتماعی نمازوں کے لئے حکومت اور علمائے کرام کے درمیان طے پانے والے بیس نکاتی ضابطہ کار پر عملدرآمد لازم ہے کیونکہ یہ ایک متفقہ معاہدہ ہے۔انہوں نے از خودنظم وضبط کی پابندی کرنے پر آزاد کشمیر کے عوام کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی آزاد جموں وکشمیر حکومت کی ہدایات پر عمل کریں۔صدر نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کیلئے حفاظتی آلات بھی آزاد کشمیر کی حکومت کے حوالے کئے۔