فرانسیسی سفیر کی ملک بدری،مشترکہ قرارداد لانے کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ تک ملتوی
فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے معاملے پر مشترکہ قرارداد لانے کے لئے قومی اسمبلی کا ہنگامی اجلاس جمعہ تک ملتوی کر دیا گیا ۔منگل کواسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں توہین رسالت معاملے پر فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کی قرار داد پیش کی گئی۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی امجد علی خان نے بطور پرائیوٹ ممبر یہ قرارداد پیش کی۔ مسلم لیگ (ن)اور جمعیت علمائے اسلام (ف)کے اراکین نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے اپنی اپنی جماعتوں کی نمائندگی کی۔ تاہم پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کیلئے پارلیمنٹ سے رائے لی گئی ہے کہ اس اہم معاملے پر ایوان میں بحث کی جائے۔ یہ انتہائی حساس معاملہ ہے، اس کیلئے سپیشل کمیٹی ہونی چاہیے۔پاکستان کے ایوان زیریں میں پیش کی گئی اس تاریخی قرارداد میں کہا گیا کہ بین الاقوامی امور ریاست کو طے کرنے چاہیں، کوئی گروہ دبائو نہیں ڈال سکتا۔ تمام یورپی ممالک بالعموم اور فرانس بالخصوص کو اس معاملہ کی سنگینی سے آگاہ کیا جائے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ تمام مسلم ممالک سے اس معاملہ پر سیر حاصل بات کرتے ہوئے اس مسئلہ کو اجتماعی طور پر بین الاقوامی فورموں پر اٹھایا جائے۔قرارداد کے متن میں مذہبی معاملات پر احتجاج کیلئے ملک کے مختلف مقامات پر جگہ فراہم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔امجد علی خان نے اس معاملے پر پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی درخواست بھی کردی اور وزیرپارلیمانی امورعلی محمد خان نے معاملے پرپارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی بنانی کی تحریک پیش کی۔ایوان نے خصوصی کمیٹی بنانے کی تحریک منظور کر لی جس پر اپوزیشن نے احتجاج کیا۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ قرارداد مشاورت سے لائی جانی چاہیے تھی، آپ نے قرارداد پیش کردی ہے، ہم اس پر غور کرکے آئیں گے، اس معاملے پر پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے، ایک گھنٹہ دیں ہم قرارداد لے کر آئیں گے ، جو قرارداد دیں گے اس پر بحث کرائیں گے۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن کے اعتراضات پر متفقہ قرارداد لانے کا کہتے ہوئے کہا کہ قرارداد ابھی منظور نہیں ہوئی ہے، اپوزیشن اس پر تجاویز دے دے، قرارداد پر مشاورت کرلیں اسے متفقہ آنا چاہیے۔ بعد ازاں اجلاس جمعہ مورخہ 23 اپریل تک ملتوی کر دیا۔