پنجاب سیف سٹیزاتھارٹی میں ٹریفک ای چالان اور ایکسائز ڈیٹا بارے مشترکہ اجلاس کا انعقاد
سیکرٹری ایکسائز اینڈٹیکسیشن پنجاب وقاص علی محمود نے وفد کے ہمراہ پنجاب سیف سٹیزاتھارٹی ہیڈ کوارٹرکا دورہ کیا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر محمد کامران خان نے وفد کو اتھارٹی کی ورکنگ اور الیکٹرانک چالان نظام بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ٹریفک ای چالان سسٹم اور ایکسائزکے ڈیٹا کے حوالے سے مشترکہ اجلاس ہوا جس میں عوامی سہولت اور بہتر سروس ڈلیوری کیلئے اہم فیصلے لیے گئے۔ چیف آپریٹنگ آفیسرمحمد کامران خان نے اجلاس کو بتایا کہ سیف سٹیز اتھارٹی شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ای چالان جاری کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جعلی نمبر پلیٹ کی حامل اور مشکوک گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن بھی بلاتفریق جاری ہے۔ چیف آپریٹنگ آفیسرنے بتایا کہ سیف سٹیز اتھارٹی اورٹریفک پولیس کی کاوشوں سے شہر میں جان لیوا حادثات میں 40فیصد کمی آئی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری ایکسائز وقاص علی محمودکا کہناتھا کہ سیف سٹیز اتھارٹی کا الیکٹرانک ٹکٹنگ سینٹر اور ٹریفک ٹیم عمدہ کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز گاڑی مالکان کے درست اور مکمل ایڈریس کا ڈیٹا بیس سیف سٹیزاتھارٹی سے شیئرکرے گا تاکہ شہریوں کو انکے چالان بروقت انکے گھروں میں بھجوائے جا سکیں۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ محکمہ ایکسائز پرائیویٹ بینکوں اور ڈیلرز کو وہیکل مالکان کے ایڈریس شیئر کرنے بارے ہدایات جاری کرے گا۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے فیصلہ ہوا کہ ڈیٹا بیس میں ایکسائز ٹوکن ٹیکس اور سیف سٹیز الیکٹرانک چالان کی معلومات کو یکجا کیا جائے گا تاکہ گاڑیوں کی خرید و فروخت کے دوران صورتحال واضح ہو۔ اجلا س کے اختتام پر سیکرٹری ایکسائز اینڈٹیکسیشن پنجاب وقاص علی محمود کواتھارٹی کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔