برطانوی وزیراعظم نے کورونا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر پارلیمنٹ سے معافی مانگ لی

لندن: برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کورونا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سالگرہ کی تقریب کے انعقاد پر پارلیمنٹ سے معافی مانگ لی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اپوزیشن ارکان کی جانب سے تحقیقات کی درخواست جمع کرانے کے بعد پارلیمنٹ سے معافی مانگ لی اور وضاحت دی کہ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ سالگرہ کی نجی تقریب بھی لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی ہے۔
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے مزید کہا کہ اب انھیں اپنی غلطی کا احساس ہوگیا ہے۔ مجھے جیسے ہی نوٹس ملا میں نے اپنی غلطی تسلیم کی اور عوام بھی اپنے وزیراعظم سے اس رویے کی امید رکھتے ہیں۔خیال رہے کہ اپنے ہی نافذ کردہ کورونا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کے الزامات کو وزیراعظم بورس جانسن مسترد کرتے آئے ہیں تاہم شدید عوامی دباؤ کے بعد فروری میں عوام سے معافی مانگ لی تھی۔