نواز شریف سے بلاول بھٹو کی ملاقات،سیاسی امور پر اتفاق رائے سے چلنے کا عزم

لندن،: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی امور میں اتفاق رائے سے چلنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔یہ اتفاق رائے دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا جو حسین نواز کے دفتر میں ہوئی۔اس موقع پر قمرالزماں کائرہ، سید نوید قمر، شیری رحمان، اسحاق ڈار، عابد شیرعلی اور دیگر بھی موجود تھے۔قبل ازیں بلاول بھٹو کی قیادت میں ملاقات کے لیے پہنچنے والے پیپلزپارٹی کے وفد کا حسین نواز نے استقبال کیا۔ ملاقات میں بلاول بھٹو نے نواز شریف کو سلیکٹڈ حکومت کے خاتمے پر مبارک باد دی۔
ملاقات سے قبل ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج نوازشریف کی ملاقات ہوگی اور یہ ضروری ہے، ہم نے ایک بار پھر پاکستان میں جمہوریت کو بحالی کی طرف لے جانا ہے۔