پسینے سے موبائل فون کی بیٹری چارج کی جا سکے گی
مستقبل میں اگر آپ کے موبائل فون کی بیٹری کی چارجنگ ختم ہونے لگے گی تو آپ اپنے پسینے سے بھی اسے چارج کر سکیں گے۔ یہ دلچسپ دعویٰ ایک نئی امریکی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔ کیلیفورنیا یونیورسٹی کے محققین نے ایسا چھوٹا عارضی ٹیٹو تیار کیا ہے جو ہمارے جسموں کے پسینے سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ بجلی اتنی ہوگی کہ اس سے کسی چھوٹی بیٹری کو تو چارج کیا جا سکتا ہے تاہم محققین ابھی اس ٹیکنالوجی کی مدد سے اسمارٹ فونز اور ٹیبلیٹس کو چارج کرنے کا طریقہ تلاش کر رہی ہے۔ یہ ڈیوائس ہمارے پسینے میں موجود نمکیات کوڈٹیکیٹ کر کے اس پر ردعمل ظاہر کرتی ہے اور اسے توانائی میں تبدیل کر دیتی ہے۔ درحقیقت ماہرین کا تو کہنا ہے کہ آپ جتنی ورزش کرتے ہیں پسینے سے اتنے ہی نمکیات خارج ہوتے ہیں جسے اس ڈیوائس کی مدد سے بجلی پیدا کرنے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ یہ ڈیوائس نمکیات سے الیکٹرون حاصل کر کے اس سے کمزور برقی کرنٹ پیدا کرتی ہے اور اسے لگانے والا جتنا جسمانی طور پر سرگرم ہوگا یہ کرنٹ بڑھتا چلا جائے گا۔