وزیر خارجہ سفارتی محاذ پر متحرک ،شاہ محمود قریشی کا فرانسیسی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ،کشمیرکی صورتحال پرگہری تشویش ہے:فرانسیسی وزیر خارجہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فرانسیسی وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے میں امن کی صورت حال پر بات چیت کی۔ وزیر خارجہ سفارتی محاذ پر ہیں، جنوبی افریقا، سپین، کینیڈا اور ہالینڈ کے وزرائے خارجہ کو ٹیلیفون کرنے کے بعد فرانسیسی ہم منصب سے بھی رابطہ کیا ہے اور انہیں مقبوضہ کشمیر اور علاقائی امن و امان کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کے حوالے سے اپنے فرانسیسی ہم منصب سے فون پر رابطہ کیا ہے، شاہ محمود نے فرانسیسی وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یک طرفہ اقدامات سے خطے میں امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔
دریں اثنا، فرانسیسی وزیر خارجہ نے مودی کے متوقع دورۂ پیرس کے دوران بات چیت کا عندیہ دیا، دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔شاہ محمود نے فرانسیسی وزیر خارجہ کو بتایا کہ بھارتی اقدامات یو این قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، 5 اگست سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل کرفیو ہے، وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں۔