ایرانی آئل ٹینکر نے تیل شام کے حوالے کیا تو امریکہ بھرپور جواب دے گا۔ پومپیو
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ ایرانی تیل بردار جہاز نے امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شام کا رخ کیا تو امریکا اسے روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پومپیو نے کہا کہ "ہم واضح کر چکے ہیں کہ کسی نے بھی اس (جہاز) کو چُھوا، یا سپورٹ کیا اور یا پھر کسی نے بھی اسے لنگر انداز ہونے کی اجازت دی تو اسے امریکی پابندیوں کا نشانہ بننا پڑے گا"۔ اس سے قبل امریکی وزارت خارجہ نے منگل کے روز باور کرایا تھا کہ پیر کے روز جبل طارق سے کوچ کر جانے والے ایرانی تیل بردار جہاز (گریس 1) کی مدد کو "دہشت گرد تنظیموں" کی سپورٹ کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ایک ذمے دار نے بتایا کہ "ہم نے یونان کو آگاہ کر دیا کہ ایرانی تیل بردار جہاز غیر قانونی طور پر تیل کو شام منتقل کر رہا ہے . ہم نے ایرانی تیل بردار جہاز کے حوالے سے اپنا مضبوط مخالف موقف یونانی حکومت کو پہنچا دیا"۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو یہ کہہ چکے ہیں کہ طویل ہفتوں تک تحویل میں رکھنے کے بعد ایرانی تیل بردار جہاز کو کوچ کی اجازت دینا افسوس ناک ہے۔