وزیرخارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا پختہ عزم ظاہر کیا
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا پختہ عزم ظاہر کیا ہے۔ دہشت گردی کے شکارافرادکی یاد اورانہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے عالمی دن کے موقع پرایک بیان میں انہوں نے کہاکہ باہمت پاکستانی قوم نے روشن خیالی، رواداری اورباہمی محبت کی جن اقدار کامظاہرہ کیاہے اس نے ہمیں عدم رواداری ، منافرت اورپُرتشدد قوتوں کے خلاف اور زیادہ متحد اورمستحکم بنادیاہے۔ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ پاکستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جس میں سترہزارسے زائدافرادجاں بحق اورایک سوبیس ارب ڈالرسے زائد کامعاشی نقصان اٹھاناپڑا۔انہوں نے کہاکہ ہمارے ہزاروں بہادرجوانوں اورقانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں نے مادروطن کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کیا۔