ٹک ٹاک نے امریکہ میں نفرت پر مبنی 3 لاکھ 80 ہزار وڈیوز ہٹا دیں
چینی سوشل میڈیا ایپلیکیشن ٹک ٹاک نے دوسروں سے نفرت پر مبنی آراء کے اظہار کے حوالے سے پالیسی کی خلاف ورزی پر امریکہ میں 3 لاکھ 80 ہزار وڈیوز، ایک ہزار 3 سو اکاؤنٹ اور 64 ہزار کمنٹ ہٹا دیئے۔ ایپلیکیشن سے ہٹائے جانے والے مواد میں نسلی تعصب کی بنیاد پر ہراساں کرنے، غلامی اور ہالوکاسٹ نے انکار پر مبنی وڈیوز اور کمنٹ شامل تھے۔امریکہ میں ٹک ٹاک کے سیفٹی شعبہ کے سربراہ ایرک ہان نے ایک بلاگ میں کہا ہے کہ اتنی بڑی مقدار میں مواد ہٹائے جانے کے باوجود یہ دعویٰ نہیں کیا جاسکتا کہ ٹک ٹاک سے نفرت پر مبنی تمام مواد ہٹا دیا گیا ہے تاہم یہ نفرت پر مبنی مواد کے خلاف ہمارے عزم کی عکاسی ضرور کرتا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مختصر دورانیے کے وڈیو کلپس پر مبنی چینی ایپلیکیشن کو امریکہ کی قومی سلامتی، خارجہ پالیسی اور معیشت کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی لگانے کے ارادے کا اظہار کر چکے ہیں جس کے بعد امریکی کمپنی مائیکروسافٹ اس ایپلیکیشن کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کر چکی ہے۔ٹک ٹاک پر امریکی صارفین بشمول سرکاری ملازمین اورکمپنیوں کا ڈیٹا چینی حکام کو فراہم کرنے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں تاہم ٹک ٹاک کی انتظامیہ نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔