مریخ کی طرف روانہ کئے گئے چینی خلائی مشن تیان وین۔1 نے 83 لاکھ کلومیٹر فاصلہ طے کر لیا
مریخ کی طرف روانہ کئے گئے چینی خلائی مشن تیان وین۔1 نے 83 لاکھ کلومیٹر کا فاصلہ طے کر لیا۔چینی ادارے نیشنل سپیس ایڈمنسٹریشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق خلائی مشن پر موجود مارس میگنیٹومیٹر، مارس منرالوجی سپیکٹرومیٹر اور ہائی ریزولوشن کیمرے نے سیلف چیک کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا ہے اور وہ اب تک ٹھیک حالت میں ہیں۔خلائی مشن پر نصب میڈیم اور ہائی ریزولوشن کیمرے مریخ کی سطح پر موجود جغرافیائی حالات کی تصاویر حاصل کر کے زمین پر ارسال کریں گے۔ خلائی مشن پر نصب میگنیٹومیٹر مریخ پر مقناطیسی ماحول کی نشاندہی کرے گا اور منرالوجی سپیکٹرومیٹر مریخ کی سطح پر مختلف معدنیات کی موجودگی اور ان کے تناسب کا جائزہ لے گا۔ چین نے یہ خلائی مشن 23 جولائی کو روانہ کیا تھا جو آئندہ سال فروری میں مریخ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ خلائی مشن مریخ کے گرد مدار میں داخل ہونے کے بعد دو سے تین ماہ تک اس سیارے کے گردگردش کرے گا اور اس دوران وہ مریخ کی سطح پر اترنے کے لئے مناسب مقام کا تعین کرے گا۔