منی لانڈرنگ ریفرنس:شہباز شریف 27 اگست کو طلب
مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور انکی فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت میں احتساب عدالت نے شہباز شریف کو 27اگست کو طلب کر لیا۔ مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور انکی فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت اسلام آباد میں ہوئی۔احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کی۔نیب کی جانب سےسپیشل پراسیکیوٹر نیب عاصم ممتاز نے دلائل دیے جبکہ عدالت نے ملزمان نثار احمد ،قاسم قیوم ،راشد کرامت سمیت دیگر تمام ملزمان احتساب عدالت طلب کر لیے۔ سماعت میں احتساب عدالت نے شہباز شریف کو 27اگست کو طلب کر لیا جبکہ عدالت نے جیل حکام کو حمزہ شہباز سمیت دیگر گرفتار ملزمان کو بھی آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دے دیا اور عدالت نے تفتیشی افسر سے سلمان شہباز ،نصرت شہباز،رابعہ عمران اور جویریہ علی کی طلبی کے حوالے سے معاونت طلب کرلیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ تفتیشی افسرآئندہ سماعت پر بتائیں کہ جو ملزمان گرفتار نہیں ہوئے ان پر الزامات کی نوعیت کیا ہے،تفتیشی افسر یہ بھی بتایں کہ یہ ملزمان گرفتار کیوں نہ ہوئے،تفتیشی افسر یہ بھی بتائیں کہ ان ملزمان نے انویسی گیشن جوائن کی یا نہیں۔ یاد رہے کہ نیب نے شہباز شریف اور انکی فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے،شہباز شریف اور انکی فیملی پر 7 ارب سے زائد کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے اور منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف عبوری ضمانت پر ہیں۔