امریکہ کا ایران کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کے لئے سلامتی کونسل کو خط، اسرائیل نے حمایت کردی۔
اسرائیل نے ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی پابندیاں ایک بار پھر عائد کرنے کے عمل کا ا?غاز کرنے کے امریکی اقدام کی حمایت جبکہ تین اہم یورپی ممالک برطانیہ، فرانس اورجرمنی نے مخالفت کر دی ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتین یاہو نے امریکہ کی طرف ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی عائد کردہ تمام پابندیوں کی بحالی کے اقدام کا خیر مقدم کرے ہوئے دنیا کی تمام بڑی طاقتوں سے بھی اس امریکی اقدام کی حمایت کی اپیل کی ہے۔امریکی حکومت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اس حوالے سے جمع کرائے گئے خط میں الزام عائد کیا ہے کہ ایران2015 میں طے پانے والے جوہری معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہا۔اس اقدام سے اس 30 روزہ عمل کا آغاز ہو گیا ہے جس کے تحت ایران پر ایک بار پھر پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔اسرائیلی وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کے اس عمل کا آغاز کرنے کے امریکی اقدام کی حمایت کرتے ہیں اور یہ ایک درست فیصلہ ہے۔واضح رہے کہ امریکہ خود اس معاہدے سے علیحدگی اختیار کر چکا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس معاہدہ کی شرائط ایران کو اپنے جوہری پروگرام کو ترقی دینے سے روکنے کے لئے ناکافی ہیں۔ ادھر یورپ کی تین بڑی طاقتوں برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے امریکی اقدام کی حمایت سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام ایران کے جوہری پروگرام پر بین الاقوامی معاہدے کے لئے معاون ثابت نہیں ہو گا۔ تینوں ممالک کی طرف سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اس معاہدے کی مکمل طور پر پاسداری کرتے ہوئے اس سے عدم مطابقت میں کئے گئے تمام اقدامات فوری ختم کرے۔ واضح رہے کہ امریکہ کی علیحدگی کے بعد ایران یہ واضح کر چکا ہے کہ وہ بھی اس معاہدے پر پوری طرح عملدرآمد کا پابند نہیں رہا۔