شفقت محمود نے بچوں کیلئے اسکالرشپس اور اسکول کھلنے سے متعلق والدین کو بڑی خبر سنادی
اسلام آباد : وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کےذریعے50ہزاربچوں کو اسکالرشپس دینےکاپروگرام ہے، 7ستمبر کو بین الصوبائی تعلیمی وزرا کے اجلاس میں 15ستمبر سے اسکول کھولنے کا حتمی فیصلہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وجہ سے تعلیمی شعبہ بہت متاثر ہوا، بین الصوبائی وزرا ئےتعلیم کانفرنس کےفورم کومتحرک کیاگیا ، اس فورم پر تعلیمی شعبے کے حوالےسے مشاورت کرکے فیصلے کئےگئے۔ وفاقی وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ کیمبریج تک بچوں اوروالدین کے جذبات پہنچائے، ہماری کوششیں رنگ لائیں کیمبرج نے دوبارہ نتائج کا جائزہ لیا، برطانوی حکومت سے بھی اس حوالے سے رابطہ کیا گیا۔ شفقت محمود نے کہا کہ 7ستمبر کو بین الصوبائی وزرا ئےتعلیم کا ایک اجلاس بلایاجائے گا، اس اجلاس میں 15ستمبر سے اسکول کھولنے کا حتمی فیصلہ ہوگا اور وزارت صحت اسکولز کھولنے سےمتعلق تفصیلی ایس اوپیز کااعلان کرے گی ، اگر حالات ٹھیک ہوئے تو 15 ستمبر سے اسکول کھل جائیں گے۔