کراچی بارش: رین ایمرجنسی کا دعویٰ بارش کے پانی میں ڈوب گیا
کراچی: شہر قائد میں موسلا دھار بارش کے باعث مختلف سڑکوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو گئی، سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، بارش میں رین ایمرجنسی کا دعویٰ بھی ڈوب گیا، کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ تفصیلات کے مطابق آج پھر کچھ دیر کی بارش کے بعد نارتھ ناظم آباد میں اربن فلڈنگ کی صورت حال دیکھی گئی ہے، شادمان، نیو کراچی، سخی حسن اور کے ڈی اے پانی میں ڈوب گئے، گجر نالہ ایک بار پھر بپھر گیا، شادمان نالہ بھی چوک ہونے کے باعث اوور فلو ہونے پر اطراف کی شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، نکاسی کے لیے کوئی مشینری اور عملہ نہیں پہنچا۔ سخی حسن قبرستان جانے والا روڈ، شادمان دو نمبر، کے ڈی اے فلیٹس کے اطراف کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا ہے، جس سے شہریوں کی آمد و رفت منقطع ہو گئی، کئی شہریوں کی گاڑیاں پانی میں خراب ہو گئیں۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر نوائے وقت کے دفتر سے لے کر گرومندر تک ٹریفک کی روانی میں خلل آ گیا ہے، شارع فیصل پر ڈرگ روڈ سے ناتھا خان، سہراب گوٹھ سے ایدھی سینٹر جانے والے روڈ پر بھی ٹریفک کی روانی میں خلل ہے، ایم ٹی خان روڈ سے جناح برج تک ٹریفک جام ہو گیا، کورنگی میں بروکس چورنگی اور گیٹس چورنگی پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔