اسکولوں میں حاضری کے لیے کرونا ویکسین لازمی قرار
سعودی عرب کی وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ اسکولوں میں واپسی کے لیے 12 سے زائد عمر کے طلباء اور طالبات کے لیے اینٹی کورونا وائرس ویکسین کی دو مکمل خوراکیں لگوانا بنیادی شرط قرار دی گئی ہے۔ سعودی وزیر تعلیم حمد آل الشیخ نے یونیورسٹی کی تعلیم ، تکنیکی تربیت ، انٹرمیڈیٹ اور سیکنڈری مراحل میں حاضری کی واپسی کا اعلان کیا تاہم انہوں نے کہا کہ ان تمام مراحل میں واپس آنے والے طلبا کے لیے کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانا لازمی ہے۔ تاہم ابتدائی جماعتوں کے طلبا کو’مدرستی‘ پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن پڑاھا جائے گا اور اس کے لیے سہ پہر 3:30 سے شام 7 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم نے اس بات پر زور دیا کہ نجی اور غیر ملکی تعلیمی اسکولوں کو پرائمری اورچھوٹی کلاسوں کے طلبہ کی حاضری سے مستثنیٰ نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ سرکاری اور نجی تعلیم میں فرق کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران وضاحت کی کہ جن طلباء کو کرونا ویکسین کی دو خوراکیں نہیں ملی ہیں وہ تعلیمی ادارے میں حاضر نہیں ہوسکیں گے تاکہ دیگر طلبا اور ان کے خاندانوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ اسکولوں کا عملہ ’میرا اسکول‘ پلیٹ فارم پر طلباء کے لیے روزانہ کے اسباق اپ لوڈ کرےگا تاکہ طلباء ویکسین لگوانے تک پڑھائے جانےوالے اسباق سے محروم نہ رہیں۔ نیز پلیٹ فارم پر متبادل تعلیمی مواد دستیاب رہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے ابتدائی مرحلے میں خواتین اساتذہ کی شرح 40 فیصد تک بڑھا دی گئی ہے۔