افغانستان کے اندر فیصلہ سازی کا اختیار افغان عوام کا حق ہے، فواد چوہدری
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ بھارت افغانستان میں ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور دیگر دہشتگرد گروپوں کو پاکستان میں دہشتگردی کے لئے فنڈنگ کر رہا تھا، اس کا اب خاتمہ ہوگا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ جب تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) کو ہندوستان سے فنڈز ہی نہیں ملیں گے تو ان کی کمر ویسے ہی ٹوٹ جائے گی۔ ہم افغانستان میں ایک ایسی حکومت چاہتے ہیں جس پر افغانستان میں تمام گروپوں کا اتفاق ہو، افغانستان کے اندر فیصلہ سازی کا اختیار افغان عوام کا حق ہے۔ یہ بات انہوں نے ٹی آر ٹی ورلڈ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم افغانستان کے معاملہ پر چین، ترکی، امریکہ، برطانیہ سمیت تمام علاقائی ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں، خطے کے ممالک افغانستان میں امن و استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہم ایک ایسی حکمت عملی اختیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ افغانستان کو استحکام کی جانب لے جایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مثبت صورتحال تشکیل دینے کی کوشش کی، ہم نے طالبان اور امریکہ کو مذاکرات پر آمادہ کیا، کابل کی حکومت کے ساتھ بھی طالبان کے مذاکرات کروانے کی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے اشرف غنی کا رویہ درست نہیں تھا