بلبلِ پاکستان نیّرہ نور انتقال کرگئیں
گلوکارہ کے خاندانی ذرائع کے مطابق وہ پچھلے چند روز سے بیمار تھیں اور کراچی میں ہی زیرعلاج تھیں، ان کی نماز جنازہ آج سہہ پہر 4 بجے مسجد و امام بارگاہ یثرب ڈیفنس کراچی میں ادا کی جائےگی جبکہ تدفین ڈیفنس فیز 8 کے قبرستان میں کی ہوگی۔نیرہ نور 3 نومبر 1950ء کو بھارتی ریاست آسام کے شہر گوہاٹی میں پیدا ہوئیں جو قیام پاکستان کے بعد خاندان کے ہمراہ پاکستان منتقل ہو کر کراچی میں مقیم ہو گئیں۔سنہ 2005 میں انھیں حکومت پاکستان نے صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا تھا۔برسوں پہلے انھوں نے گلوکاری چھوڑ دی تھی لیکن ان کے گائے گیت، غزلیں ہر دور میں مقبول و معروف رہیں۔ان کے معروف گانوں ملی نغموں اور غزلوں میں، تیرا سایہ جہاں بھی ہو سجنا، روٹھے ہو تم تم کو کیسے مناؤں پیا، آج بازار میں پا بجولاں چلو، کہاں ہو تم چلے آؤ، اے عشق ہمیں برباد نہ کر اور وطن کی مٹی گواہ رہنا سمیت دیگر بہت سے شامل ہیں۔