ایشین کرکٹ کونسل کا آئندہ اجلاس پاکستان میں کروانے کی تجویز ایشین کرکٹ کونسل کے صدر نے پیش کر دی۔ ذرائع
لاہور(حافظ محمدعمران/نمائندہ سپورٹس) ایشین کرکٹ کونسل کا آئندہ اجلاس پاکستان میں کروانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے سری لنکا میں منعقدہ اے سی سی کے اجلاس میں پاکستان کیطرف سے ممبران کے سامنے مارچ کے آخری یا اپریل کے پہلے ہفتے میں ہونیوالے اجلاس کا انعقاد پاکستان میں کروایا جا سکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اجلاس کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ ذرائع کیمطابق یہ تجویز پی سی بی کے چئیرمین اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر شہریار خان کی طرف سے پیش کی گئی ہے۔ ایشن کرکٹ کونسل پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا،افغانستان، ملائشیا، سنگاپور، بھوٹان،نیپال، تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات، ہانگ کانگ، سعودی عرب اور کویت شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر ایشین کرکٹ کونسل کے ممبران نے اس تجویز کا خیر مقدم کیا ہے۔پاکستان میں آئندہ برس کے تیسرے ماہ کے آخری دنوں یا پھر اپریل میں ہونیوالے اس اجلاس کے انعقاد کو ممکن بنانے کے لیے پی سی بی کے چئیرمین شہریار خان ممبران کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے اجلاس کے پاکستان میں انعقاد ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی میں بھی پیشرفت ہو سکتی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ سال سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں کروانے کی کوششوں میں بھی مصروف ہے۔ ذرائع کیمطابق حال ہی میں سری لنکا میں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ انوراگ ٹھاکر سے بھی مختلف موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین شہریار خان نے انہیں بھی اے سی سی کے دوسرے اجلاس کے پاکستان میں انعقاد پر شرکت کی دعوت دی ہے۔ دونوں سربراہان بورڈ کے مابین پاکستان اور بھارت کے سیاسی و سفارتی تعلقات پر بھی بات چیت ہوئی۔