بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، میگا کرپشن کے وائٹ کالر کرائم کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے،چیرمین نیب
لاہور :قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، میگا کرپشن کے وائٹ کالر کرائم کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں نیب ریجنل بیورو کی مجموعی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور اور نیب لاہور کے تمام شعبوں کے ڈائریکٹرز نے چیئرمین نیب کو جاری کیسز سے متعلق بریفنگ دی۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے اور نیب قانون کے مطابق پیشہ واریت اور شفافیت پر عمل کرتے ہوئے بدعنوان عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے میگا کرپشن کے وائٹ کالر کرائم کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے پاکستان کو بدعنوانی سے پاک کرنے کیلئے انسداد بدعنوانی کی مؤثر حکمت عملی وضع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی آپریشنل میتھٹڈالوجی شکایات کی جانچ پڑتال، انکوئری اور انوسٹی گیشن پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو 2017ء کے مقابلہ میں 2018ء میں دوگنا شکایات موصول ہوئی ہیں۔ پلڈاٹ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق نیب پر 42 فیصد لوگ، پولیس پر 30 فیصد اور سرکاری افسران پر 29 فیصد لوگ اعتماد کرتے ہیں۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرپشن پرسپشن انڈیکس کی درجہ بندی میں 126ویں سے 116ویں نمبر پر آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیائی ممالک کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے اور پاکستان سارک ممالک کے اینٹی کرپشن فورم کا چیئرمین ہے، نیب کی کوششوں سے یہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ عالمی اقتصادی فورم اور مشال پاکستان کے عالمی مسابقتی اشاریوں کے مطابق پاکستان 102 سے 99 ویں نمبر پر آ گیا ہے جو کہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے نئے عزم سے کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن پراسیکیوشن، ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ، آگاہی و تدارک سمیت نیب کے تمام شعبوں کی ادارہ جاتی خامیوں کے تجزیہ کے بعد ان میں اصلاحات کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجی اقدار کے استحکام، معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کیلئے مؤثر احتساب کا نظام ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے اب تک بدعنوانی کے خلاف جنگ میں قانون پر عملدرآمد کی سوچ اپنائی ہے جبکہ لوگوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے آگاہی اور تدارک کی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، نیب نوجوانوں پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی موجودہ انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے شاندار نتائج سامنے آئے ہیں جو کہ مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔