حکومت ریفرنس دائر کرنے کا اپنا آئینی فرض ادا کرے گی۔ فردوس عاشق اعوان

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کوئی بھی شخص جب قانونی حدود سے تجاوز کرتا ہے تو آئین و قانون اس کے حوالے سے بھی حرکت میں آتا ہے۔ حکومت ریفرنس دائر کرنے کا اپنا آئینی فرض ادا کرے گی۔اسلام آباد میں کرسمس کی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملکی ترقی و استحکام میں مسیحی برادری کا کردار لائق تحسین ہے۔ اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہیں۔ پاکستان میں بسنے والے تمام شہری ریاست کا فخر ہیں۔ آئین پاکستان ملک میں بسنے والے تمام شہریوں کے حقوق کا ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ روشن اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا۔ پاکستان کا روشن چہرہ اور تشخص اجاگر کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرقیادت پاکستان کی ترقی کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان مخالف قوتیں چور دروازوں سے پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہی ہیں۔ افواج پاکستان نے اپنے لہو سے امن دیے جلائے۔ سیاسی اور عسکری قیادت نے دنیا میں پاکستان کا روشن چہرہ روشناس کرایا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت نے ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے ہمارے خلاف سازشیں کیں۔ بھارت نے ہمارے دفاعی حصار کو کمزور کرنے کی کوشش کی۔ اس صورتحال میں ایسا فیصلہ آیا جو آئین اور قانون سے متصادم ہے۔ اس فیصلے میں ایسا پیرا شامل کیا گیا جس کی کسی مذہب اور ملک میں اجازت نہیں ہے۔ یہ غصہ دلانے اور افواج پاکستان کا مورال کم کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔ یہ اداروں کو آمنے سامنے لانے کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے سے دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی، فیصلے میں ذاتی غصہ شامل نظر آتا ہے۔