پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس ہیک، پی ٹی اے کا واٹس ایپ انتظامیہ سے رابطہ
پی ٹی اے کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ایسی خبریں سامنے آئیں کہ ہیکنگ سافٹ ویئر کی مدد سے صرف پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس ہیک کیے گئے۔ پی ٹی اے نے واٹس ایپ انتظامیہ سے اُن پاکستانی صارفین کی تفصیلات مانگی جن کے اکاؤنٹس کو ہیکرز نے ہدف بنایا جبکہ انتظامیہ سے پوچھا گیا ہے کہ اُس نے ہیکرز سے حفاظت کے لیے کیا اقدامات کیے۔ پی ٹی اے کی جانب سے واٹس ایپ صارفین کو ہیکنگ سے بچنے کے لیے تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنی ایپلیکیشن کو اپ ڈیٹ کریں اور اگر اُن کا اکاؤنٹ ہیک ہوجاتا ہے تو فوری طور پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن سے رابطہ کریں۔ یادرہے کہ تین روز قبل پوری دنیا میں ایک بار پھر واٹس ایپ صارفین کے اکاؤنٹس ہیک ہوئے تھے، ٹیکنالوجی کے ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اسرائیلی کمپنی کے ہیکرز مختلف اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ فروری 2019 میں بھی پاکستانی صارفین کے اکاؤنٹس ہیک ہوئے تھے جس پر پی ٹی اے نے ایک پیغام جاری کیا تھا اور موبائل اپیلیکیشن استعمال کرنے والوں کو تاکید کی تھی کہ وہ سیکیورٹی فیچر استعمال کریں۔