منشاپاشااور جبران ناصرکی منگنی کی خبریں سوشل میڈیا پروائرل
اداکارہ منشا پاشا کی سماجی کارکن جبران ناصر سے منگنی کی خبر یں گزشتہ رات سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں اوریہ خبر دونوں کے مداحوں کے لئے کافی حیران کن ہے ۔ رواں سال کے اختتام سے قبل جہاں بہت سے اداکاروں کے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کی خبریں ہیں وہیں یہ خبر بھی کل رات سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے کہ فلم لال کبوتر کی اداکارہ منشا پاشا کی معروف سماجی کارکن جبران ناصر سے منگنی کر رہی ہیں ۔فوٹو شئیرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ کی منگنی کا کارڈ بھی وائرل ہوا ہے جس میں دونوں کی منگنی کی تاریخ 22 دسمبر 2019 لکھی ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں اداکارہ منشا پاشا کو پاکستان کی معروف کامیڈین فائزہ سلیم کی شادی میں جبران ناصر کے ہمراہ دیکھا گیا تھا اور ان کی ایک ڈانس ویڈیو بھی وائرل ہو ئی تھی ۔ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ سوشل میڈیا پر کسی شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیت کا دعوت نامہ وائرل ہوا ہے اس سے قبل اقرا عزیز اور یاسر حسین کی شادی کے دعوت نامے پر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا گیا تھا۔ اداکارہ منشا پاشا اور جبران ناصر نے اس خبر کے حوالے سے فی الحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ یاد رہے کہ منشا پاشا اگست 2013 میں اسد فاروقی سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں تھیں تاہم دونوں کی علیحدگی کے حوالے سے کوئی خبر سامنے نہیں آئی تھی۔