شرجیل میمن کے وارنٹ گرفتاری کی معطلی کیخلاف نیب اپیل سماعت کے لیے مقرر

سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے اہم مقدمات کی سماعت ہوگی۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن کے وارنٹ گرفتاری کی معطلی کیخلاف نیب اپیل سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔ نئے چیف جسٹس نے اپیل پرسماعت کیلئے بنچ تشکیل دیا۔ جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ سماعت کرے گا اورنیب اپیل پر سماعت 23 دسمبر کو ہوگی۔سپریم کورٹ نے نیب پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کردیا ہے۔یاد رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے شرجیل انعام میمن کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے تھے۔ دوسری جانب آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے معاملہ پر نیب نے شرجیل میمن کے خلاف ریفرنس بھی دائر کر رکھا ہے جس میں شرجیل میمن کی دو بیگمات کے نام شامل ہیں۔ریفرنس میں شرجیل میمن کی اہلیہ صدف شرجیل اور زینت انعام میمن کو بطور ملزمان نامزد کیا گیا ریفرنس میں دیگر ملزمان میں ذیشان، اظہار حسین، محمد سہیل،سیف اللہ لوہار، آغا احسن، شوکت علی تھیبو، وسیم اختر تھیبو اور کامران گل بھی شامل ہیں۔ ریفرنس میں کہا گیا کہ شرجیل میمن ضمانت پرہیں تاہم بیگمات عدم گرفتار ہیں،شرجیل میمن، بیگمات اور دیگر ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں اور ملزمان نے آمدن سے زائد اثاثے بنائے، جس کا مکمل ریکارڈ موجود ہے۔