کوالالمپورسمٹ: سعودی عرب کی پاکستان پر دباؤسےمتعلق خبروں کی تردید

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سعودی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں میڈیا پر چلنے والی اس بے بنیاد خبر کی تردید کی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کو کوالالمپور سمٹ میں شرکت کرنے پر پاکستان کو کوئی دھمکی دی ہے۔سعودی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پردباؤ اوردھمکی سے متعلق خبر جھوٹی اور بے بنیاد ہے ۔پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات دھمکی آمیز زبان سے بالاترہیں اوردونوں ممالک میں برادرانہ،اعتماد،اورباہمی احترام پرمبنی تعلقات ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب ہرمشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا اور ہمیشہ کھڑا رہے گا ۔ خیال رہے کہ کوالالمپور سمٹ خطاب میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے کیلئے پاکستان پر دباؤڈالا ۔ ترک صدر نے انکشاف کیا کہ سمٹ میں شرکت کی صورت میں سعودی عرب نے اپنے ملک میں 40 لاکھ پاکستانیوں کو ہٹا کر ان کی جگہ بنگلا دیشی شہریوں کو ملازمت دینے اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کرائی گئی سعودی امدادی رقم واپس لینے کی دھمکی بھی دی تھی۔