تمام سیاست دان جی ایچ کیو گیٹ 4 کی پیداوار ہیں: شیخ رشید

لاہور: وفاقی وزیر شیخ رشید نے تمام سیاست دانوں کو جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریلوے وزیر شیخ رشید نے کہا کہ بھٹو سے لے کر نواز شریف تک مارشل لا کی نرسیوں سے پیدا ہوئے لیکن اب وہ فوج نہیں رہی، فوج جمہوریت کو لازم و ملزوم سمجھتی ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام سیاست دان جی ایچ کیو گیٹ نمبر 4 کی پیدوار ہیں، جتنے سیاست دان ہیں وہ زیادہ تر فوج کے گملے اور نرسریوں سے نکلے ہیں، سیاست دان جی ایچ کیو کے آٹھویں گیٹ سے نکل کر حکومت تک پہنچے، ایک دن تمام صحافیوں کو گیٹ نمبر 4 لے جاؤں گا اور 8 سے نکالوں گا۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان گیٹ نمبر 4 سے نہیں نکلے نہ ہی وہ فوج رہی، گیٹ نمبر چار نہیں رہا، میرے بعد بدل گیا، نواز شریف اور زرداری کی پارٹی نے مشرف سے ہاتھ ملایا، دونوں کو ساتھ دینے پر شرمندگی نہیں، شہباز شریف لندن میں بیٹھ کر انجوائے کر رہے ہیں لیکن جلد ان کی اچھی خبر آنے والی ہے۔ عمران خان کو نواز شریف کے باہر جانے کا دکھ رہے گا، بلاول نے پلی بارگین نہ کیا تو سیاست سے آؤٹ ہو جائیں گے۔