متنازعہ قانون شہریت: مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں، مرنے والوں کی تعداد 20 ہوگئی

بھارت میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف مظاہرے جاری ہیں، اترپردیش کے 11 اضلاع میں سیکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے، ایک ہفتے سے جاری مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہوگئی، 4 ہزار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بھارت میں پولیس طاقت کے زور پر بھی مظاہرین کو قابو نہ کر پائی، اتر پردیش کے 11 اضلاع میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہروں کے دوران مزید 6 افراد ہلاک ہوگئے، اب تک 4 ہزار افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ مظاہرین نے متعدد گاڑیاں اور موٹرسائیکل نذر آتش کر دیں۔ اتر پردیش میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا، ریاست میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے۔ لکھنؤ میں موبائل انٹرنیٹ اور ہر قسم کے مواصلاتی پیغامات پر پابندی عائد ہے۔