حکومت پی ڈی ایم میں اختلافات پیدا کرنا چاہتی ہے،شاہد خاقان عباسی
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت پی ڈی ایم میں اختلافات پیدا کرنا چاہتی ہے، اسلام آباد کا کورونا جب تک ختم نہیں ہوگا ملکی حالات ٹھیک نہیں ہوں گے۔ انہوں نے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ہم پر بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے ہیں اور حکومت کی بڑی خواہش ہے کہ پی ڈی ایم میں اختلاف پیدا ہوں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا کورونا جب تک ختم نہیں ہوگا ملکی حالات ٹھیک نہیں ہوں گے، جو آئین کیخلاف اور الیکشن چوری کرتا ہے ہم اس کیخلاف ہیں، فروری سے عوام کی تکالیف کم ہوں گی،لانگ مارچ ہوگا ،عوام کو ریلیف ملے گا اور ملک کی نئی تاریخ رقم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کیس کو ڈھائی برس گزر گئے ہیں، ابھی تک سمجھ نہیں آیا کیس کیا ہے،نیب کو حکومت کی کرپشن نظر نہیں آتی،نیب قوم کا پیسہ اور لوگوں کا وقت ضائع کرتے ہیں،نا انصافی کا معاملہ زیادہ وقت نہیں چل سکتا،آج گیس اور بجلی کے بحران کی وجہ نیب ہے، نیب نے حکومتی نظام مفلوج کردیا ہے،نیب کا کوئی مثبت کام نظر نہیں آتا،سپریم کورٹ نے نیب کو سیاسی انجینئرنگ کا ادارہ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال گزرنے کے بعد بھی ملک میں بجلی کا بحران ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت کو انرجی کرائسسز کا مسئلہ تھا لیکن ہم نے سستی بجلی اور گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے غلط بیانی ہو رہی ہے۔ آج ہمیں اضافی گیس مل رہی ہے جبکہ سستی اور اضافی بجلی سے ملکی جی ڈی پی میں 3 فیصد اضافہ ہوا۔