پنجاب سیف سٹیزاتھارٹی نے'' 139 ای چالان '' والی نادہندہ موٹرسائیکل پکڑوا دی

پنجاب سیف سٹیزاتھارٹی نے''139 ای چالان '' جمع نہ کروانے والی نادہندہ موٹرسائیکل پکڑوا دی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب سیف سٹیزاتھارٹی کیمروں کے ذریعے سرویلنس کے دوران ای چالان نادہندہ موٹرسائیکل کو دیکھا گیا جس پر اتھارٹی میں موجود پولیس کیمونیکیشن آفیسر کی نشاندہی پر ای چالان نادہندہ موٹرسائیکل کو ٹریفک وارڈن کے ذریعے ڈی ایچ اے فیز 5کے قریب روکا گیا۔ ٹریفک پولیس وارڈن نے اتھارٹی کی جانب سے فراہم کی گئی ایپ کے ذریعے موٹرسائیکل کے ای چالان چیک کیے جس پر مذکورہ موٹرسائیکل 139ای چالانز کی نادہندہ نکلی۔موٹرسائیکل ما لک کے ذمہ کل واجب الادا رقم 27 ہزار 800روپے ہے، جرمانے کی رقم جمع نہ کروانے پر موٹرسائیکل کو ڈولفن پولیس کے ذریعے تھانہ ڈیفنس بی میں بند کروا دیا گیا۔ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق جرمانے کی رقم ادا کرنے پرموٹرسائیکل کو چھوڑ دیا جائیگا۔ای چالان نادہندہ گاڑیوں کیخلاف پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور سٹی ٹریفک پولیس کا مشترکہ آپریشن جاری ہے۔سی ٹی اوسید حماد عابد نے اس حوالے سے 17ٹیمیں بھی تشکیل دی ہیں۔ اس سلسلہ میں اتھارٹی کی جانب سے سٹی ٹریفک پولیس کو ای چالان چیک کرنے کے لیے ایپ اور پرنٹر بھی فراہم کئے گئے ہیں۔ایپ کے ذریعے بآسانی ای چالان نادہندہ گاڑیوں کا پتہ لگایاجاسکتا ہے۔ ترجمان کامزید کہنا ہے کہ الیکٹرانک نادہندہ گاڑی مالکان کو SMS کے ذریعے آگاہ بھی کیا جا رہا ہے مزید یہ کہ شہری echallan.psca.gop.pkپر اپنے ای چالان چیک کر سکتے ہیں۔