صدر کا سینیٹرکلثوم پروین کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹرکلثوم پروین کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کلثوم پروین بلوچستان سے مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر تھیں جو اسلام آباد میں کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگئیں۔ ایک بیان میں صدر نے مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا سینیٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم اور قائد حزب اختلاف راجہ ظفرالحق نے بھی سینیٹر کلثوم پروین کے انتقال پر تعزیت کی ہے۔ ایک بیان میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ انہوں نے نہ صرف بلوچستان کے غیرترقی یافتہ علاقوں کے لوگوں کی خدمت کی بلکہ پاکستانی سیاست میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی کلثوم پروین کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔